ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرپشن الزامات: خالد اورشرجیل کے خلاف تحقیقات کے لیے ٹریبیونل قائم

کرپشن الزامات: خالد اورشرجیل کے خلاف تحقیقات کے لیے ٹریبیونل قائم

Tue, 07 Mar 2017 15:03:41    S.O. News Service

کراچی، 6 ؍مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک تین رکنی ٹریبیونل قائم کیا ہے جو مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف تحقیقات کرے گا۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز پر بکیز سے روابط کے الزام میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر کے دوبئی سے وطن واپس بھیج دیا تھا۔بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ٹریبیونل کی تشکیل کا فیصلہ پیر کو ہوا۔بتایا گیا ہے کہ ’دونوں کھلاڑیوں نے الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے اصغر حیدر، توقیر ضیا اور وسیم باری پر مشتمل تین رکنی ٹریبیونل تشکیل دیا ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گا۔‘ان دونوں کھلاڑیوں کے خلاف یہ کارروائی ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر ان کے رابطے کے بعد عمل میں آئی تھی جو پاکستان سپر لیگ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔بعد ازاں پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے دوران مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث دونوں کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف پر فرد جرم عائد کردی تاہم انھیں جواب داخل کرنے کے لیے14دن کی مہلت دی تھی۔ابتدامیں دیگردوکھلاڑیوں شاہ زیب حسن اورذوالفقاربابرکے خلاف بھی تحقیقات کی گئیں تاہم پھر انھیں ان الزامات سے بری کر دیاگیاتھا۔


Share: